لاہور : پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما سلمان اکرم راجہ نے انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خلاف 20 مقدمات درج کیے گئے ہیں، جن میں سے بیشتر کے بارے میں انہیں معلومات تک نہیں۔ انہوں نے موجودہ نظام پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ “یہ پورا نظام جھوٹ پر کھڑا کیا گیا ہے۔”
راجہ نے زور دے کر کہا کہ “آئین اور قانون کے مطابق نظام کو چلنے دیا جائے۔ عمران خان کو رہا کیا جائے، کیونکہ یہ پاکستانی عوام کا فیصلہ ہے۔” انہوں نے مزید کہا کہ وہ اس “نظام کے خلاف لڑ رہے ہیں” اور جلد ہی احتجاجی سیاست میں فعال کردار ادا کریں گے۔
انہوں نے صحافیوں کی بے دخلی اور عدلیہ کی آزادی پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا، “عدلیہ اور صحافت کو آزاد کیا جائے۔ سڑکیں عوام کے لیے ہیں، اور ہمارا آئینی حق ہے کہ ہم اپنے مطالبات کے لیے احتجاج کریں۔”
راجہ نے کہا کہ “جنگیں فوجیں لڑتی ہیں، کسی ایک فرد کا کوئی کمال نہیں ہوتا۔ ہم چھپ کر نہیں بلکہ کھل کر اپنی بات کریں گے، کیونکہ یہ پوری قوم کی جنگ ہے۔”
ان کے بیان میں موجودہ حکومت اور اداروں پر شدید تنقید شامل ہے، جبکہ پی ٹی آئی کی طرف سے جلد ہی بڑے پیمانے پر احتجاجی تحریک شروع کرنے کے اشارے بھی دیے گئے ہیں۔