اسرائیلی دفاعی نظام ناکام ہو چکا ہے اور ایران نے مقبوضہ علاقوں کی فضاؤں پر مکمل کنٹرول حاصل کر لیا،ایران

ایران2

ایران نے “آپریشن وعدہ صادق سوم” کی دسویں لہر کے تحت اسرائیل پر تازہ میزائل حملے کیے، جس کے بعد پورے اسرائیل میں ہنگامی سائرن بج اٹھے۔ ایران کے پاسداران انقلاب (IRGC) نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے “مقبوضہ علاقوں کی فضاؤں پر مکمل کنٹرول” حاصل کر لیا ہے اور اسرائیل کا دفاعی نظام ان کے آگے بے بس ہو چکا ہے۔

اسرائیلی فوج کے مطابق، ایران نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران متعدد میزائل حملے کیے ہیں، جن میں تازہ ترین حملے کے بعد تل ابیب سمیت پورے ملک میں ہنگامی صورتحال پیدا ہو گئی۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق، ایرانی میزائلوں کی یہ تازہ بارش ملک بھر میں خوف و ہراس پھیلانے کا سبب بنی ہے۔ فوجی ذرائع کے مطابق، ایران نے 20 میزائل فائر کیے ہیں، جس کے بعد شہریوں کو محفوظ مقامات پر پناہ لینے کی ہدایات جاری کی گئیں۔

ایرانی خبررساں ایجنسیوں کے مطابق، پاسداران انقلاب نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ان کے “فتح میزائلوں” نے اسرائیلی دفاعی نظام کو چیرتے ہوئے اپنے اہداف کو نشانہ بنایا، جو ایران کی فوجی برتری کو ظاہر کرتا ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ “یہ حملہ ثابت کرتا ہے کہ ہم مقبوضہ علاقوں کی فضاؤں پر مکمل کنٹرول رکھتے ہیں اور اسرائیل کے دفاعی نظام ہمارے آگے بے اثر ہیں۔”

ایران ,اسرائیل
ایران ,اسرائیل

ادھر، اسرائیلی میڈیا نے رپورٹ کیا کہ ایرانی میزائلوں کے نتیجے میں تل ابیب میں زوردار دھماکے ہوئے اور ایک پارکنگ ایریا میں آگ بھڑک اٹھی۔ تاہم، دیگر مقامات پر حملے کے اثرات کے بارے میں تفصیلات نہیں دی گئیں، کیونکہ اسرائیل حساس فوجی معلومات کو عام کرنے سے گریز کرتا ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی ایران کی فضائی حدود پر “مکمل کنٹرول” کا دعویٰ کیا تھا اور تہران سے غیر مشروط ہتھیار ڈالنے کا مطالبہ کیا تھا۔ لیکن ایرانی فوجی قیادت کے تازہ بیانات سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایران کسی دباؤ کے بغیر اسرائیل کو جوابی کارروائی جاری رکھنے پر مصمم ہے۔

اس سے قبل، ایران نے حیفہ کے ایک فوجی اڈے کو نشانہ بنایا تھا، جبکہ اسرائیل نے بھی تہران پر حملے کا جواب دیا تھا۔ ایرانی حملوں کے بعد حیفہ ریفائنری کو بند کر دیا گیا، جہاں تین ملازمین ہلاک ہوئے۔

پاسداران انقلاب کے ترجمان جنرل علی محمد نے کہا کہ “آپریشن وعدہ صادق سوم” کی نویں لہر صبح تک جاری رہے گی اور “ہم دشمن کو ایک لمحے کے لیے بھی چین سے نہیں بیٹھنے دیں گے۔” ایرانی سیکیورٹی کونسل نے خبردار کیا تھا کہ “چوتھا دن انتہائی خطرناک ہوگا اور اسرائیل کو رات کے وقت دن جیسی روشنی دکھائی دے گی۔”

اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے تہران کے عوام کو انخلا کی ہدایت کی تھی، جبکہ ایران نے بھی تل ابیب کے شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کا کہا تھا۔ اس سے قبل ایران نے صبح سویرے اسرائیل پر ایک اور بڑا حملہ کیا تھا، جس میں درجنوں بیلسٹک میزائل داغے گئے، جس کے نتیجے میں متعدد عمارتیں تباہ ہوئیں، 8 اسرائیلی ہلاک اور 300 زخمی ہوئے۔ حملے میں حیفہ پاور پلانٹ کو بھی نشانہ بنایا گیا، جہاں میزائلوں سے آگ لگ گئی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *