سڑکوں پر آنے کے علاوہ کوئی آپشن نہیں بچا، ملک بھر میں احتجاج کریں، جیل سے لیڈ کروں گا،سابق وزیر اعظم عمران خان

سابق وزیر اعظم عمران خان

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان نے موجودہ حکومت کے خلاف ملک بھر میں احتجاجی تحریک چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ اعلان پی ٹی آئی کے سینیٹر علی ظفر نے اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔

سینیٹر علی ظفر نے بتایا کہ یہ احتجاجی تحریک صرف اسلام آباد تک محدود نہیں ہوگی، بلکہ پورے ملک میں منظم طریقے سے چلائی جائے گی۔ انہوں نے عمران خان کے حوالے سے کہا، “ہمیں دیوار کے ساتھ لگا دیا گیا ہے، ہمارے پاس اب سڑکوں پر آنے کے سوا کوئی راستہ نہیں بچا۔ میں جیل سے ہی اس تحریک کی قیادت کروں گا۔”

عمران خان نے کہا کہ وہ احتجاجی تحریک سے متعلق تمام ہدایات جیل سے جاری کریں گے۔ سینیٹر علی ظفر کے مطابق، “بانی پی ٹی آئی نے مجھے احتجاجی منصوبہ بندی تیار کرنے کی ذمہ داری سونپی ہے، جسے اگلی ملاقات میں پیش کیا جائے گا۔”

انہوں نے مزید کہا کہ وکلا اور پارٹی قیادت سے مشاورت کے بعد احتجاج کی تفصیلی حکمت عملی طے کی جائے گی۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ “یہ تحریک پہلے سے زیادہ منظم اور مضبوط ہوگی، جس کا واضح مقصد ہوگا۔ رکاوٹیں آئیں گی، لیکن ہم ان کا مقابلہ کریں گے۔”

سینیٹر علی ظفر نے واضح کیا کہ عمران خان جیل سے بطور چیئرمین پی ٹی آئی تحریک کی قیادت کریں گے، جبکہ اگلی ملاقات میں مزید ذمہ داریاں تقسیم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ “عمران خان کو پارٹی لیڈرشپ پر اعتماد ہے، لیکن تحریک کی باگ ڈور وہ خود سنبھالیں گے۔”

عمران خان نے کہا کہ “عدلیہ اور ایگزیکٹو سے کوئی ریلیف نہیں ملا، ہمارے لیے کوئی راستہ نہیں چھوڑا گیا۔ اب ہم مزید انتظار نہیں کر سکتے۔” تاہم، سینیٹر علی ظفر نے امید ظاہر کی کہ “انہیں جلد ہی کوئی مثبت پیش رفت نظر آئے گی۔”

احتجاجی تحریک کی منصوبہ بندی کے لیے مختلف افراد کو ذمہ داریاں سونپی جائیں گی، لیکن فیصلہ سازی اور قیادت کا مرکز عمران خان خود ہوں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *