برطانیہ کے 828 وکلاء اور قانونی ماہرین، جن میں سابق سپریم کورٹ کے ججز بھی شامل ہیں، نے غزہ پر جنگ کے باعث اسرائیل پر فوری پابندیاں عائد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر کو خط لکھ کر اسرائیل کے ساتھ تجارتی معاہدے معطل کرنے اور اسرائیلی وزراء پر سفری پابندیاں عائد کرنے کی اپیل کی ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق، خط میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں کو بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزی اور فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کی خلاف ورزی قرار دیا گیا ہے۔ قانونی ماہرین نے برطانوی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ فلسطینیوں کے قتلِ عام کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کرے اور بین الاقوامی فوجداری عدالت (ICC) کے وارنٹس پر عملدرآمد یقینی بنائے۔
یہ مطالبہ اس وقت سامنے آیا ہے جب دنیا بھر میں اسرائیلی کارروائیوں کے خلاف احتجاجی مہم زور پکڑ رہی ہے۔