اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے غزہ میں فلسطینیوں کی المناک صورتحال پر سخت الفاظ میں اظہارِ تشویش کرتے ہوئے اسے “بیان سے باہر اور غیر انسانی” قرار دیا ہے۔ انہوں نے اسرائیلی محاصرے اور فاقہ کشی کی پالیسی کو بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی بتاتے ہوئے امدادی رکاوٹوں کے فوری خاتمے کا مطالبہ کیا۔
جنگ بندی معاہدے کی حمایت، اسرائیلی حملوں پر تشویش
سیکریٹری جنرل نے غزہ میں اسرائیل کے شدید حملوں میں اضافے پر گہری پریشانی کا اظہار کیا اور زور دے کر کہا کہ “اقوام متحدہ کسی بھی غیر انسانی اقدام یا بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی کا حصہ نہیں بنے گا۔” انہوں نے غزہ میں UNRWA (یو این آر ڈبلیو اے) کے امدادی کام کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔
جبری نقل مکانی کی مذمت
انتونیو گوتریس نے غزہ کے باشندوں کی جبری بے دخلی اور بار بار نقل مکانی کو مسترد کرتے ہوئے اس عمل کی سخت مذمت کی۔ انہوں نے عالمی برادری سے فوری انسانی امداد کی راہ ہموار کرنے اور تنازعے کے سیاسی حل کی طرف توجہ دینے کی اپیل کی۔
یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب غزہ میں انسانی بحران دن بدن سنگین ہوتا جا رہا ہے اور عالمی ادارے اسرائیلی کارروائیوں کے خلاف آواز بلند کر رہے ہیں۔