بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کے سربراہ نے ایران پر ایٹمی ہتھیار سازی کے الزامات کی تردید کردی
وینا: انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی (IAEA) کے ڈائریکٹر جنرل رافیل گروسی نے واضح طور پر کہا ہے کہ ایران ایٹمی ہتھیار تیار نہیں کر رہا۔ انہوں نے امریکا اور اسرائیل کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ایجنسی کے مشاہدات اور ٹیکنیکل شواہد سے ثابت ہوتا ہے کہ ایران کے پاس کوئی مربوط ایٹمی ہتھیار پروگرام نہیں ہے۔
گروسی نے زور دے کر کہا، “ہم نے کبھی یہ نتیجہ اخذ نہیں کیا کہ ایران ایٹمی ہتھیار بنا رہا ہے۔ اگرچہ ہمیں یورینیم افزودگی کے حوالے سے کچھ خدشات تھے، لیکن ہمارے پاس ایسا کوئی ثبوت نہیں جو ایٹمی ہتھیار سازی کی تصدیق کرے۔”
یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب گزشتہ ماہ امریکی نیشنل انٹیلی جنس ڈائریکٹر تُلسی گبارڈ نے بھی اپنی رپورٹ میں اعتراف کیا تھا کہ ایران نے ایٹمی ہتھیار بنانے کا فیصلہ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا تھا کہ ایران کی قیادت نے ایسے کسی پروگرام کی منظوری نہیں دی۔ تاہم، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ان رپورٹس کو مسترد کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ایران ایٹمی ہتھیار بنانے کے قریب ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ امریکا اور اسرائیل ایران کے خلاف جنگ چھیڑنے کے لیے جھوٹے بیانیے تشکیل دے رہے ہیں۔ IAEA کی تازہ تردید نے ان الزامات کی ساکھ پر سوالیہ نشان کھڑا کردیا ہے۔