ایران کے ساتھ تجارت کو 10ارب ڈالر تک لے جانا چاہتے ہیں، وزیراعظم

پاکستان اور ایران

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات تاریخ کی مضبوط ترین سطح پر ہیں، دونوں ممالک خطے اور مسلم دنیا کے اتحاد کے لیے مشترکہ کوششیں کر رہے ہیں۔ ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کی دعوت پر ایران کے دورے کے دوران انہوں نے یہ بات ایرانی خبررساں ادارے کو انٹرویو میں بیان کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ اس دورے میں باہمی تعلقات، علاقائی تعاون اور مشترکہ چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ انہوں نے کشمیر تنازعے پر ایران کی حمایت کا شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ پاکستان نے ایران کی ثالثی کی پیشکش کو قبول کیا تھا، لیکن بھارت نے اسے مسترد کر دیا۔

معاشی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم کو 3 ارب ڈالر سے بڑھا کر 10 ارب ڈالر سالانہ تک لے جانے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے زور دیا کہ اسلام آباد اور تہران خطے میں امن، ترقی اور مسلم امہ کی وحدت کے لیے ہمیشہ متحد رہیں گے۔

وزیراعظم نے ایران اور امریکا کے درمیان جاری مذاکرات کے بارے میں امید ظاہر کی کہ اس کے مثبت نتائج نہ صرف علاقائی کشیدگی کم کریں گے بلکہ معاشی استحکام کو بھی فروغ دیں گے۔ شہباز شریف کا یہ دورہ ترکیہ کے بعد ایران میں ہو رہا ہے، جس کے بعد وہ مزید دو ممالک کا دورہ کریں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *