ہم بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں، بیرسٹر گوہر علی خان

goharxx

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے امید ظاہر کی ہے کہ عمران خان کے کیسز میں جلد انصاف ملے گا اور پارٹی بانی عید الفطر سے پہلے رہا ہو جائیں گے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں سینیٹر شبلی فراز کے ہمراہ صحافیوں سے بات چیت میں بیرسٹر گوہر نے پی ٹی آئی ورکرز سے اپیل کی کہ وہ جذبات پر قابو رکھیں۔ انہوں نے کہا، “ہم عمران خان کی رہائی کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں، احتجاج سے لے کر اسمبلی تک ہر فورم پر آواز اٹھا رہے ہیں۔”

انہوں نے ورکرز کے جذبات کو سمجھتے ہوئے کہا کہ “کوئی یہ تصور بھی نہیں کر سکتا کہ عمران خان نے دو سال جیل میں کیوں گزارے۔” ان کا کہنا تھا کہ عمران خان ہمیشہ اللہ پر بھروسہ کرتے ہیں اور ہر مشکل میں اسی سے مدد مانگتے ہیں۔

بیرسٹر گوہر نے مزید کہا، “دو سال سے نہ صرف ہمارے کارکنان، بلکہ عدالتی نظام بھی تھک چکا ہے۔ ہم کوشش کر رہے ہیں کہ عمران خان کے تمام کیسز میرٹ پر طے ہوں۔”

شبلی فراز کا قائم مقام چیف جسٹس کے وعدے پر اعتماد

سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر شبلی فراز نے کہا کہ قائم مقام چیف جسٹس نے بیرسٹر گوہر اور لطیف کھوسہ کو یقین دلایا ہے کہ عمران خان کی درخواستیں اس ہفتے سنوائی جائیں گی۔ انہوں نے کہا، “قائم مقام چیف جسٹس کا وعدہ کوئی عام بات نہیں، ہمیں انصاف پر یقین ہے۔ اگر سائل کو انصاف نہ ملے تو یہ ظلم ہے۔”

شبلی فراز نے کہا کہ “26ویں آئینی ترمیم پیپلز پارٹی اور ن لیگ کی وجہ سے ممکن ہوئی، لیکن ان جماعتوں نے اپنی ہی سیاست تباہ کر لی۔ عمران خان کی رہائی کے بعد ان کی حکومت ختم ہو جائے گی۔”

پی ٹی آئی کی قیادت کا موقف ہے کہ وہ قانونی اور آئینی جدوجہد جاری رکھیں گے تاکہ عمران خان کو جلد از جلد انصاف مل سکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *