ہم بھارت سےمذاکرات اور جنگ دونوں کے لیے تیار ہیں، وزیر اعظم

SHEHBAZ IN CANTT

سیالکوٹ: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستانی افواج نے بھارت کے گھمنڈ اور غرور کو خاک میں ملا دیا ہے اور اگر دشمن نے پانی بند کرنے یا جارحیت کی کوشش کی تو اسے مزید طاقت سے جواب دیا جائے گا۔

سیالکوٹ کے پسرور چھاؤنی کے دورے کے موقع پر فوجی افسران اور جوانوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو اپنی فوجی طاقت پر بڑا غرور تھا، لیکن اللہ کے فضل سے پاکستانی افواج نے اسے شکست فاش دی۔ انہوں نے کہا کہ دشمن تعداد اور جنگی سازوسامان میں ہم سے کہیں بڑا تھا، مگر ہمارے جوانوں نے اس کے دانت کھٹے کر دیے۔

وزیراعظم نے کور کمانڈر کی جانب سے دشمن کے خلاف چوکی کے دفاع اور جوابی کارروائی کی تفصیلات سنیں اور جوانوں کی بہادری کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا، “قوم کے عظیم بیٹو! تم نے زمین پر دشمن کے ٹھکانوں کو تباہ کیا اور فضاؤں میں شاہینوں کی طرح دشمن کے جہازوں کو مار گرایا۔ یہ کوئی معمولی کارنامہ نہیں۔”

شہباز شریف نے کہا کہ دنیا اب تسلیم کر رہی ہے کہ پاکستان روایتی جنگ میں بھی بھارت کا مقابلہ کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس جنگ میں پاکستانی افواج کی حکمت عملی اور تکنیکی مہارت پر مستقبل میں کئی سال تک تحقیق ہوگی۔

وزیراعظم نے چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد میرزا، آرمی چیف جنرل عاصم منیر، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر اور نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف سمیت تمام مسلح افواج کے جوانوں کو قوم کی طرف سے سلام پیش کیا اور ان کی بہادری کو سراہا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *