امت مسلمہ رہنمائی کے لیے ایرانی قیادت کی طرف دیکھتی ہے: شہباز شریف

Iran supreme leader

وزیراعظم شہباز شریف کی ایرانی سپریم لیڈر سے اہم ملاقات، دوطرفہ تعلقات اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے دورہ ایران کے دوران سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای سے اہم ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی سیکیورٹی، اور باہمی تعاون سمیت دیگر اہم امور پر گفتگو ہوئی۔

سرکاری اعلامیے کے مطابق، اس ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر، وزیر داخلہ محسن نقوی، اور وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔

وزیراعظم نے ایرانی سپریم لیڈر کے لیے گہرے احترام کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مسلم دنیا کی ایک مؤثر اور رہنما شخصیت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ رہنمائی کے لیے ایرانی قیادت کی طرف دیکھتی ہے۔

وزیراعظم نے ملاقات کے دوران بھارت کے ساتھ موجودہ کشیدگی اور اس کے تسلط پسندانہ رویے سے آگاہ کیا اور بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستانی موقف کی حمایت پر ایرانی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان ہمیشہ علاقائی امن اور استحکام کا خواہاں ہے تاکہ خطے میں ترقی اور خوشحالی کو فروغ دیا جا سکے۔

وزیراعظم نے پاکستان ایران تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے حالیہ اقدامات سے بھی سپریم لیڈر کو آگاہ کیا اور کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک تعاون کو وسعت دینا پاکستان کی ترجیح ہے۔

شہباز شریف نے ایران کی قیادت کی امریکا کے ساتھ جوہری مذاکرات میں دور اندیشی کی تعریف کی اور امید ظاہر کی کہ ان مذاکرات کے نتیجے میں ایک تعمیری معاہدہ طے پائے گا، جو خطے میں امن و استحکام کا باعث بنے گا۔

ایرانی سپریم لیڈر نے وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں علاقائی امن و ترقی کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا اور پاک ایران تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے وزیراعظم کے عزم کی تعریف کی۔ انہوں نے پاکستان اور اس کے عوام کی ترقی و خوشحالی کے لیے دعا بھی کی۔

ملاقات کے اختتام پر وزیراعظم نے شاعر مشرق علامہ اقبال کے افکار و خیالات سے ایرانی سپریم لیڈر کی وابستگی کو خراج تحسین پیش کیا اور ان سے جلد پاکستان کے دورے کی خصوصی درخواست کی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *